کوئٹہ(صباح نیوز)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے 10مئی سے کوئٹہ کی تمام دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا۔صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث صوبائی حکومت نے لاک ڈائون میں 19مئی تک توسیع کردی ہے۔ وہیں دوسری جانب مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے 10مئی سے کوئٹہ کی تمام دکانیں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔صدر مرکزی انجمن تاجران رحیم کاکڑ نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اب کسی بھی صورت مزید لاک ڈائون برداشت نہیں کریں گے اور نہ ہی حکومت سے کسی مذاکرت میں شریک ہوں گے۔خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس سے 21افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 1400سے زائد ہے جن میں سب سے زیادہ کیسز کی تصدیق کوئٹہ میں ہوئی ہے۔