اسلامآباد (جسارت نیوز) پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری ائولیمپیئن رائو سلیم ناظم نے کہا ہے کہ ملک میں قومی کھیل ہاکی کی ترقی کے لئے سیاست کو ختم کرکے میرٹ کو فروغ دینا ہوگا۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور یہ کھیل زیادہ تر 2008 ء سے زوال کا شکار ہے اس وقت پاکستان رینکنگ میں ساتویں یا آٹھویں پوزیشن پر تھا اور اولمپک میں شرکت کرنے کے بعد یہ کھیل ملک میں دن بدن تنزلی کا شکار ہوتا چلا گیا۔بدقسمتی سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی بھاگ دوڑ ایسے لوگوں کے ہاتھ آ گئی جو اس کے اہل نہیں تھے بلکہ انہوں نے ضلعی سطح سے لیکر قومی سطح تک سیاست کو فروغ اور رنگ دیا، میرٹ کا کوئی خاص خیال نہیں رکھا گیا اور نہ ہی اس کھیل کی بہتری کے لئے کوئی کام کیا اس وجہ سے ملک میں ہاکی کا ٹیلنٹ ضائع ہوتا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دیہاتی علاقوں میں اس وقت بھی بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور بچے ہاکی بہت شوق اور جذبے کے ساتھ کھیل رہے لیکن ان کے کھیلنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ دنیا میں ہاکی تو آسٹروف پر کھیلی جارہی ہے اور یہ بچے ہاکی گراس پر کھیل رہے ہیں۔