لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے حکم دیا ہے کہ رمضان شوگر ملز ریفرنس کیس میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو ضمنی ریفرنس میں فرد جرم کیلیے 12مئی کو بہرصورت پیش کیا جائے۔ اس سلسلے میں احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے جس میں حکم دیا گیا ہے کہ حمزہ شہباز پر فرد جرم عاید کرنا ہے، جیل حکام بغیر کسی عذر کے آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش کریں اور پیشی کیلیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ یاد رہے کہ پیر کے روز سماعت پر کورونا وائرس کے باعث اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے پیش نہ ہونے پر ان کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں فرد جرم عاید نہیں ہوسکی تھی۔