لاڑکانہ میں کورونا کے 14 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں،سہیل انور سیال

374

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر آبپاشی و عشر زکوٰۃ اور فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ضلع لاڑکانہ سہیل انور سیال نے اپنے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ لاڑکانہ میں کورونا کے 14 افراد صحت یاب ہوچکے جن میں 13 تبلیغی اور ایک شہری شامل ہے لیکن اس کے باوجود لاڑکانہ میں کورونا وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے نتیجے میں ایک فوتگی بھی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فوت ہونے والے روشن کنبھر کے 15 لواحقین بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں، کچھ پازیٹو آنے والے متاثرین ضلعی انتظامیہ کو آگاہ نہیں کرتے جو خطرناک بات ہے، اس وقت بھی لاڑکانہ میں روزانہ کی بنیاد پر 16 سے 17 کیسز پازیٹو آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چن روز قبل لاڑکانہ کا رہائشی کورونا پازیٹو شخص کراچی سے یہاں رشتے داروں کے ساتھ ملنے آیا جس کے بعد ان سے رابطے میں رہنے والوں کے نمونے لیے گئے ہیں اللہ نہ کرے کہ ان کے ٹیسٹ پازیٹو آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑھے لکھے لوگ کورونا وائرس پازیٹو آنے کے بعد نہیں سوچتے اور ایسے ہی اپنے رشتے داروں کے ساتھ میل جول رکھتے ہیں جنہیں احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید چل رہی ہے کہ لاک ڈائون کو ختم کرکے کاروبار اور ٹرانسپورٹ کو کھولا جائے لیکن لاڑکانہ میں صورتحال خراب ہے اس لیے یہ ممکن نہیں۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جن ممالک میں کیسز کم ہوئے ہیں وہاں کاروبار کھولا گیا ہے اگر ہمارے ہاں کورونا وائرس پر کنٹرول کیا گیا تو یہاں بھی کاروبار کھل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگر کورونا وائرس سے احتیاط نہیں کریں گے تو اس کی سزا ہمارے پیارے اور پڑوسی بھگتیں گے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے گھروں تک محدود رہیں تاکہ لاک ڈائون کو کامیاب بناکر عام زندگی کو معمولات پر لایا جاسکے۔