ایرانی صدر نے مساجد کھولنے کا اعلان کر دیا

446

ایران کے صدر حسن روحانی نے آج سے کورونا وائرس سے کم متاثرہ علاقوں میں مساجد کھولنے اور نماز جمعہ کے خطبات بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق نیشنل کمانڈ کی میٹنگ کے بعد صدر حسن روحانی نے اعلان کیا کہ ملک کے ایسے 132 شہروں اور قصبوں میں مساجد کو کھولا جارہا ہے جہاں کورونا کے خطرات کم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیر سے کم خطرات والے علاقوں میں واقع مساجد کھول دی جائیں گی اور ان میں نماز جمعہ کے اجماعات و خطبات بھی ہوں گے۔

صدر حسن روحانی نے ملک میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں نرم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ مرحلہ وار پابندیاں ہٹائی جائیں گی، وفقے وفقے سے بعض پابندیوں میں نرمی کی جائے گی اور اس حوالےسے عوام خود کو تیار رکھیں۔

وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی آنے کی رپورٹ کی روشنی میں حکومت پہلے ہی بین الصوبائی آمد و رفت پر عائد پابندی ہٹا چکی ہے جب کہ بڑے بڑے مالز بھی کھولے جاچکے ہیں اور شاپنگ سینٹرز میں سرگرمیاں بحال ہو چکی ہیں۔