سندھ کے بروقت اقدام سے پاکستان ووہان‘ اٹلی اور نیویارک بننے سے بچ گیا‘ بلاول

532
کراچی:چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا وفد ملاقات کررہا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے بروقت اقدامات سے پاکستان ووہان، اٹلی اور نیویارک بننے سے بچ گیا۔ان کے بقول سندھ حکومت صرف عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دی گئی گائیڈ لائن پر کام کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ،صوبائی وزیرصحت اورپاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے پارٹی چیئرمینکو کورونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پرصوبائی وزیرصحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، ڈاکٹر باری اور ڈاکٹر فیصل نے سندھ کے محکمہ صحت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔بلاول نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو کوئی سہولت فراہم نہیں کیں، لاک ڈاؤن سے متاثرہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے لوگوں کے لیے بھی وفاقی حکومت نے اب تک کچھ نہیں کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کورونا وائرس سے اموات کی تعداد میں اضافہ حکومتوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے،ہماری اولین ترجیح عوام کی زندگی کو محفوظ بنانا ہے اور ایک سازش کے تحت ہماری خدمت کے جذبے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش جا رہی ہے،وفاقی حکومت کے رویے پر افسوس ہے کہ وہ کورونا کے بجائے سندھ حکومت سے لڑرہی ہے۔ قبل ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ وفاقی حکومت میڈیا کو دبانے اور اسے پروپیگنڈا کی ذاتی مشین بنانے والی کوششوں سے باز آ جائے،ایسی کوششوں کا مقصد میڈیا کو اپنے مخالفین پر جبر کے لیے ایک آلے کے طور استعمال کرنا ہے۔بلاول نے کہاکہ تحریک انصاف کی فسطائیانہ حکومت کے دوران پریس کی آزادی کی سالانہ درجہ بندی میں پاکستان کی تنزلی ہوئی ہے،پاکستان میں صحافیوں نے آزادی صحافت کے لیے بڑی قربانیاں دیں ہیں،آزادیِ اظہارِ رائے کی ہر جدوجہد میں پیپلز پارٹی ہمیشہ صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور آئندہ بھی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے ناقدین کے ٹی وی شوز زبردستی بند کردیے گئے اور متعدد کو نکال دیا گیا ہے،پیپلز پارٹی صحافی برادری کے ساتھ مل کر صحافت کی آزادی، صحافی برادری کے تحفظ اور ان کے تقدس کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔