آزادی صحافت کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے،شہباز شریف

339

لاہور (آئی این پی ) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے عالمی یوم صحافت پر میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے چھوتھے ستون صحافت کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے ،آزادی اظہار رائے بنیادی آئینی حق ہے، اس حق کو سلب کرنا آئین سے غداری کے مترادف ہے۔ شہباز شریف نے کہا ذرائع ابلاغ آپ کا وہ دوست ہے جو آپ کے منہ پر سچ بولتا اور آپ کی خامیوں، غلطیوں کی نشاندہی کرتا ہے،پاکستان میں آزادی اظہار رائے کے حق کے لیے اہل صحافت نے جدوجہد کی شاندار تاریخ رقم کی ہے۔ صحافیوں کا قیام پاکستان میں پورا حصہ ہے،مولانا ظفر علی خان، حمید نظامی، سید صلاح الدین، مجید نظامی، میر خلیل الرحمن، آغا شورش کاشمیری، پروفیسر وارث میر سے لے کر آج میر شکیل الرحمان تک سچائی و اصول کے ساتھ اور آمرانہ سوچ کے خلاف کھڑے ہونے والے تمام بزرگوں اور شخصیات کو سلام پیش کرتے ہیں،میرشکیل الرحمان کی گرفتاری پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کے بغیر جمہویت مستحکم نہیں ہو سکتی۔