نوازشریف کے بعد اب فردوس عاشق کہیں گی مجھے کیوں نکالا؟شیخ رشید

253

لاہور( نمائندہ جسارت)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات میں ملکی تاریخی کی سب سے بہترین ٹیم آگئی ہے ،آگے شبلی فراز اور پیچھے باجوہ !نواز شریف کے بعد فردوس عاشق اعوان اب کہتی پھیریں گی ’’مجھے کیوں نکالا‘‘عید کے بعد نیب ٹارزن بننے جارہا ہے ،عید کے بعد دونوں طرف سے قلندر اندر جا سکتے ہیں،کچھ لوگ عید کے بعد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے ،اپوزیشن نے نیب ترامیم کے حوالے سے سفارشات بھیجی ہیں ،ن لیگ نے جو سفارشات بھیجی ہیں وہ نیب کے ساتھ مذاق ہے،میرے موکل بتا رہے ہیں شہبازشریف کے ستارے گردش میں ہیں، شہبازشریف باہر جانے کے لیے جتن کر رہے ہیں۔ہفتے کو ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کورونا دنیا بھر کے لیے چیلنج ہے اور کورونا سے 5 ارب روپے کا ماہانہ نقصان ہو رہا ہے،ہمارے پاس صرف ایک ماہ کی تنخواہ دینے کی گنجائش ہے البتہ کسی بھی ملازم کو ریلوے کی ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا، وزیر اعظم ریلوے میں بہتری اور ریلوے مزدوروں کا گریڈ بڑھانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر30 ٹرینیں چلا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں صورت حال سب دیکھ رہے ہیں جبکہ بھارتی مسلمان بھی وزیر اعظم عمران خان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ حکومت سے کچھ پوچھتا ہوں نہ حکومت مجھے کچھ بتاتی ہے، میرا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں عمران خان سے ہے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں بہترین ٹیم آئی ہے،ملکی تاریخ میں ایسی زبردست ٹیم کبھی نہیں آئی ، پردے کے آگے شبلی فراز ہیں اور پیچھے باجوہ( لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ ) ہوں گے ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شوگر مافیا ہر پارٹی میں موجود ہے، یہ لوگ پارٹیوں کو چندہ دیتے ہیں، کوئی کابینہ ایسی نہیں دیکھی جس میں شوگر اور آٹے والے نہ ہوں لیکن عمران خان چینی آٹا مافیا کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں گے، تحقیقات کرنے والوں نے وقت مانگا تھا، ابھی تک آئی پی پی کا کمیشن نہیں بنا۔شیخ رشید نے کہا کہ کورونا دنیا بھر کے لیے چیلنج ہے، پاکستان میں کوئی لاک ڈاؤن نہیں مذاق ہو رہا ہے، سب سے برا حال شٹر والی دکانوں کا ہے،اصل مسئلہ سفید پوشوں کا ہے جنہیں عید کا سیزن لگانا ہے، کاروبار نہ کھولے تو بیروزگاری کا طوفان آ جائے گا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ منظر عام پر آنے والا نیب آرڈیننس کا مسودہ جعلی ہے، نیب کا ترمیمی آرڈیننس ٹھیک ہونے میں ابھی بہت وقت ہے، اپوزیشن نیب قوانین میں جو ترمیم چاہ رہی ہے وہ ممکن نہیں، ن لیگ کی سفارشات نیب کے ساتھ مذاق ہے ۔