نوابشاہ،مہنگی اشیا فروخت کرنے پر متعدد دکانداروں پر جرمانے

223

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر شہید بے نظیر آباد ابراراحمد جعفر کی ہدایات پر ماہ صیام میں ضلع کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ساتویں روز بھی تمام تحصیلوں کے ریونیو افسران نے اپنے علاقوں میں سبزی، پھل، گوشت، کریانہ، مچھلی مارکیٹ سمیت دیگر اشیا خورونوش کی دکانوں کا دورہ کرکے قیمتیں چیک کیں، حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں سے زائد وصول کرنے پر 12 دکانداروں پر 11ہزار پانچ سو روپے جرمانہ عائد کیا۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر دوڑ آصف محمود ملک نے دوڑ شہر کی مختلف دکانوں پر چھاپے مارے، زائد قیمتیں وصول کرنے پر 4 دکانداروں پر 2 ہزار پانچ سو روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سکرنڈ محمد سلیم جتوئی اور مختارکار محمد وسیم لاشاری نے بھی سکرنڈ شہر کی مختلف مارکیٹوں کے دورے کرکے اشیا خورونوش کی قیمتیں معلوم کیں، زائد قیمتیں وصول کرنے پر 4 دکانداروں پر 7 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا۔ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد عبدالقدیر اور مختارکار نعیم وسطڑو نے بھی مختلف دکانوں پر چھاپے مارکر زائد قیمتیں وصول کرنے والے 4 دکانداروں پر 2 ہزار جرمانہ عائد کیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نوابشاہ طارق علی سولنگی نے بھی نوابشاہ شہر کی مختلف دکانوں کا دورہ کرکے قیمتیں چیک کیں اور دکانداروں کو ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کی ہدایت کیں۔ تمام ریونیو افسران نے دکانداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر اشیا خورونوش فروخت کی جائیں، خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔