تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے جنوبی امریکی ملک وینزویلا کو خفیہ امداد فراہم کرنے کے حوالے سے واشنگٹن کے الزام کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا نے بے بنیاد الزام وینزویلا کی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے لگایا ہے۔ بیان کے مطابق الزام کا مقصد ملکی ریفائنریز کھولنے کے لیے کراکس حکومت کے منصوبے کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ ایران کی مہان ائر کے کئی طیاروں نے کراکس حکومت کو امداد فراہم کی تھی۔ پومیپو کا کہنا تھا کہ تہران حکومت گیس کی قلت سے نمٹنے میں وینزویلا کی مدد کر رہی ہے۔