لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سندھ پولیس نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے سماجی فاصلے کے احکامات کو نظر انداز کر دیا، لاڑکانہ پولیس کی ناقص حکمت عملی اور غیر سنجیدہ شہریوں کا رویہ کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے لاک ڈائون میں لگائے گئے ناکوں پر پولیس کی ناقص حکمت عملی سامنے آگئی ہے جہاں شہر کو ملانے والے رائیس کینال پل، لاہوری پل، اولڈ بس اسٹینڈ پل سمیت چانڈکا پل پر مکمل رکاوٹوں اور ٹریفک بند کرنے سے شہریوں کا رش لگا رہتا ہے، شہریوں کی جمع بڑی تعداد میں سماجی فاصلہ ہے نہ ہی احتیاطی تدابیر کا خیال کیا جارہا ہے۔ پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث شہریوں کا بڑی تعداد میں جمع ہونا کورونا پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران صورتحال سے انجان، ڈاکٹرز، صحافی، تاجر و دیگر شہری متاثر ہونے لگے ہیں۔ پولیس کی جانب سے لاک ڈائون کے باعث شاہراوں کو مکمل سیل کرنے کی ناقص حکمت عملی سے اسپتال جانے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کے انجانے میں خود بھی متاثر ہونے کے خدشات موجود ہیں۔