کراچی (اسٹا ف رپورٹر) نیب سکھر نے پلی بارگین سے حاصل ہونے والے10 ارب روپے نیب اسلام آباد میں جمع کرادیے‘ رقم گندم کی چوری اور خردبرد میں ملوث فلور ملز مالکان اور محکمہ فوڈ سندھ کے سابق افسران نے ادا کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق نیب سکھر میں محکمہ فوڈ سندھ کے خلاف 9 کیسز کی تحقیقات چل رہی تھیں جن میں سے 9 اضلاع میں 15 ارب روپے سے زاید کی گندم چوری یا اُس کی خرید و فروخت میں کرپشن کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق 9 اضلاع سے 74 کروڑ 56 لاکھ 80 ہزار روپے مالیت کی گندم کراچی بھجوائی گئی تھی جو راستے سے ہی غائب ہوگئی تھی‘ 180دن کے ادھار پر لی جانے والی گندم کی رقم کے 8 ارب 12 کروڑ 60 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔ نیب کے مطابق 9 مقدمات میں قومی خزانے کو 15 ارب 85 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا تھا۔ نیب نے شکایات موصول ہونے کے بعد محکمہ فوڈ سندھ اور ملز مالکان کے خلاف 4 ریفرنس دائر کر کے تحقیقات شروع کیں جس کے دوران فلور ملز مالکان نے قومی احتساب بیورو کو پلی بارگین کی درخواست کی۔ نیب سکھر نے10 ارب روپے سے زاید کی وصولی کر کے رقم اسلام آباد ہیڈ آفس میں جمع کرادی۔