بلاول کی کانفرنس پی پی اور سندھ حکومت کیخلاف چارج شیٹ ہے، مراد سعید

185

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ فرزند زرداری کی پریس کانفرنس کسی اور کے نہیں خود پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، سیاسی جملے بازی اور اپنی ناکامیوں کو وفاق کے سر تھوپنے کی ناکام کوشش کے علاوہ بلاول زرداری کے بس میں کچھ نہیں۔ بلاول زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں مراد سعید نے کہا کہ وفاق کے مکمل تعاون کے باوجود آج بلاول زرداری کے پاس بتانے کیلیے کچھ نہیں، کوئی انہیں بتائے صحت صوبائی معاملہ ہے جسے سنبھالنے میں ان کی صوبائی حکومت شرمناک حد تک ناکام ہے۔ تقریروں اور بے سود جملوں سے کردار و عمل کی سیاہی چھپانا ممکن نہیں، فرزند زرداری کی جماعت نے نہایت سنگین حالات میں سندھ کے عوام سے بدترین دغا کیا، اور عوام کو وبا کے رحم و کر م پر چھوڑ دیا، جواب طلبی کیلیے تیار رہیں۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے مزید کہا کہ 18ویں ترمیم اور این ایف سی سے ملنے والے پیسے اچھے لگتے ہیں تاکہ ڈاکے ڈالے جاسکیں، یہ جعلی کھاتوں میں پیسے ڈالنے اور جعلی کمپنیوں میں ہیر پھیر کے ماہر ہیں جبکہ عوام کی فلاح کا معاملہ ہو تو وفاق کی جانب منہ اٹھا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے سندھ میں لاک ڈاؤن کے نام پر مزدوروں کی شرمناک ناکہ بندی کے علاوہ زرداری کے بیٹے اور جماعت نے کیا ہی کیا ہے، وفاق اور دیگر 3 صوبوں کی حکومتیں کورونا سے عوام کو بچانے میں جبکہ سندھ کے وزیراعلیٰ زرداری اور بلاول زرداری کی ناجائز دولت بچانے میں مصروف ہیں۔