نوابشاہ، الخدمت کے تحت مساجد و دیگر مقامات پر جراثیم کش اسپرے

129

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) الخدمت فائونڈیشن کے تحت کورونا وائرس کے خطرے کے تدارک کے لیے درجنوں مساجد و دیگر مقامات پر جراثیم کش اسپرے، شہریوں کی جانب سے تحسین۔ الخدمت کے صدر انجینئر عبدالوہاب خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے نتیجے میں ہونے والے لاک ڈائون کے متاثرین میں پہلے روز سے راشن کی تقسیم شروع کردی گئی تھی، اسی طرح تیار کھانے کے علاوہ مچھر دانیاں بھی تقسیم کی گئیں لوگوں کے لیے آن لائن میڈیکل سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے، اب گزشتہ چند دنوں سے مذہبی مقامات مساجد، گرجا گھر، مندر، شہر کے پولیس اسٹیشن اے، بی، ایئر پورٹ تھانہ، وومن پولیس اسٹیشن، 15 کے دفاتر، پریس کلب، ایس ایس پی اور اس سے ملحقہ دفاتر شامل ہیں میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا۔ دوسری طرف سکرنڈ اور باندھی میں الخدمت اور جماعت اسلامی کے تحت روزانہ مستحق افراد کے لیے پہلے روزے سے افطاری کا انتظام کیا جا رہا ہے جبکہ سکرنڈ میں 70 گھروں میں 10 کلو کے آٹا کے بیگز بھی تقسیم کیے گئے۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سرور احمد قریشی نے نوابشاہ، سکرنڈ اور باندھی کے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقے میں الخدمت سے تعاون کریں تاکہ متاثرہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جاسکے۔