دادو،سیپکو ملازمین کا سیفٹی کٹس کی عدم فراہمی پر احتجاج

193

دادو (نمائندہ جسارت) دادو میں سیپکو ملازمین نے یوم سیاہ مناتے مطالبات کے حق میں احتجاج کرکے نعرے بازی کی۔ سیپکو ملازمین واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کی کال پر دفاتر کی تالا بندی کرتے ہوئے حاجی عرس میمن، حمید جمالی، الطاف پلھ، آصف شاہ اور دیگر کی قیادت میں سب ڈویژن 1 ایس ڈی او سیپکو کے دفتر کے سامنے بازؤں پر سیاہ پٹیاں اور ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اٹھا کر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے محنت کشوں سے کورونا کی وبا کے دوران بھی 24 گھنٹے ڈیوٹی لی جا رہی ہے۔ انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دو محنت کش کورونا کی بیماری کے باعث بستر پر پڑگئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم، وزیر توانائی اور سیکرٹری اعلانات کررہے ہیں کہ صارفین سے تین ماہ کے بل وصول نہیں کریں اور یہاں پر افسران ایس ای، انجینئر اور ایس ڈی اوز لائن مینوں کو صارفین سے بلز کی ریکوری کے لیے تنگ کرکے دبائو ڈال رہے ہیں اور ریکوری نا کرنے اور بلز نا ملنے کی صورت میں صارفین کے کنکشن کاٹنے کے لیے احکامات دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے سیپکو افسران پر مزید الزمات عائد کرتے ہوئے کہا کہ سیپکو کے محنت کشوں کے ڈویژن سے باہر تبادلے بھی کیے جا رہے ہیں۔ گرمی میں دن رات کام کرنے والے ملازمین کو سیفٹی کٹس نہ ملنے پر 3 ہلاک ہوچکے ہیں لیکن اتنا ہونے کے باوجود افسران ہماری ایک بھی نہیں سن رہے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین سے 24 گھنٹے ڈیوٹی لینا بند کی جائے بلاجواز تبادلے بھی روکے جائیں اور سیفٹی کٹس فراہم کی جائیں بصورت دیگر افسران کیخلاف بھرپور تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔