کراچی ( اسٹاف ر پورٹر ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے ہر اقدام کی وفاقی حکومت کی جانب سے مخالفت سامنے آنا افسوس ناک ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی سے ہونے والا فائدہ اور ورلڈ بینک، جی 20 ممالک سے ملنا والا ریلیف صوبوں کو دیا جائے۔ چیئرمین بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت غریب عوام کا ساتھ دینے کے بجائے ہمارے فلاحی کاموں کو سبو تاژ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔یہ بات انہوں نے اپنی سربراہی میں ہونے والے وڈیو لنک کے ذریعے مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔مشاورتی اجلاس میں کورونا وائرس کی صورت حال اور ملک کو درپیش معاشی مسائل پر بات چیت کی گئی۔اجلاس میں سینیٹر شیری رحمن، سید نوید قمر، شازیہ مری، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، قمرزمان کائرہ، چودھری منظور، مصطفی نواز کھوکھر، فیصل کریم کنڈی اور پلوشہ خان شریک ہوئے۔مشاورتی اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیرصحت عذرا پیچوہو اور وزیراطلاعات ناصرشاہ بھی موجود تھے۔