عدالت عظمیٰ‘ گلگت بلتستان آرڈر2018 ء میں ترمیم کی اجازت دیدی

247

اسلام آباد( آن لائن )عدالت عظمیٰ نے گلگت بلتستان میں عام انتخابات اور نگران سیٹ اپ کے قیام سے متعلق درخواست کی سماعت کے موقع پر گلگت بلتستان آرڈر2018ء میں ترمیم کی اجازت دے دی ہے۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں7 رکنی لارجر بنچ نے کی۔ عدالت عظمیٰ کیس سے متعلق اپنے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ حکومت آرڈر2018ء میں ترمیم کرکے نگران سیٹ اپ اور نیا الیکشن کرائے۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل گلگت بلتستان نے عدالت کو بتایا کہ جی بی حکومت کو وفاقی حکومت کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں۔ چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کہ نئے الیکشن کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کون ہوگا؟۔ جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان میں پہلے سے موجود ہے۔ جسٹس اعجازلاحسن نے کہا کہ جی بی میں الیکشن کے لیے الیکشن ایکٹ 2017ء کا اطلاق کردیا جائے تو مسئلہ ھوجائیگا۔ تفصیلی فیصلے میں الیکشن کرانے کا طریقہ کار واضح کردیں گے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق آرڈر2018ء ابھی لاگو ہے۔ تفصیلی فیصلے میں جو حل تجویز کیا جائے اس پر صدر مملکت سے حکومت الیکشن آرڈر جاری کرالے، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔