نوابشاہ،پانچ گلیاں سیل ہونے سے مکینوں کی راشن کے لیے دہائی

184

نواب شاہ( بیورورپورٹ)کورونا وائرس سے ہلاک سعید قریشی کی میت کو غسل دینے والے دوافراد کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آگیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دولت علی جمالی نے جسارت کو بتایا کہ انڈس اسپتال کراچی میں کورونا وائرس میں منو آباد کے ہلاک ہونے والے شخص کی میت کو محمد جاوید سعیدی اور ایک شخص نے غسل دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کے جنازے میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مرحوم کے ورثاء، پڑوسیوں اور میت کو غسل دینے والوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ کرائے جن میں میت کو غسل دینے والوں کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ اس سلسلے میں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ میت کو جلوس جنازہ کے ساتھ تدفین کرنے پر ڈپٹی کمشنر ابرار احمد کی ہدایت پر ڈی آئی جی انچارج عبدالحمید جلبانی اور ایس ایچ او ائر پورٹ تھانہ قمر رضا منگنہار کو معطل کردیا تھا جبکہ مرحوم کی رہائش گاہ کے اطراف کی پانچ گلیوں کو سیل کردیا گیا جو کہ بارہ روز سے سیل ہیں۔ علاقہ مکین جن کی اکثریت دہاڑی دار مزدور ہیں، راشن کے لیے دہائی دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کورونا پھیلنے کے نام پر گھروں میں قید کردیا لیکن کھانے کو کچھ نہیں۔ بچے بلک رہے ہیں ۔ شہر میں کورونا وائرس کے باون مشتبہ افراد کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔