اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان بیت المال کی طرف سے لاک ڈاؤن سے 250متاثرہ خواجہ سراؤں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی جس میں وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی اور خواجہ سراؤں کے حقوق کی ماہر نایاب علی نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر شیریں مزاری نے بتایا کہ پمز اسپتال میں خواجہ سراؤں کے لیے وارڈ بنا دیا گیا ہے جبکہ صوبائی اسپتالوں کو بھی علیحدہ وارڈ بنانے کا کہہ دیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے بتایا کہ تعلیم، صحت، معاشی بحالی اور خود انحصاری سمیت تمام فلاحی منصوبوں میں تمام پاکستانی مستحق شہریوں کو برابری کی سطح پر سماجی تحفظ کے دائرہ کار میں لایا جا رہا ہے۔لاک ڈاؤن کی وجہ سے خواجہ سرا بھی بری طرح معاشی استحصال کا شکار ہوئے ہیں جن کی معانت کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ماہر نایاب علی نے خواجہ سراؤں کے لیے ہمدردی اور امداد پر پاکستان بیت المال کا شکریہ ادا کیا۔