عمران خان انا چھوڑ دیں تو تعاون کیلئے تیار ہیں، شہباز شریف

196

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی انا چھوڑ دیں تو آج بھی تعاون کے لیے تیار ہیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے وزیراعظم کو بڑی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان انا چھوڑ دیں تو تعاون کے لیے تیار ہیں، خدارا چاروں صوبوں کو اکٹھا بٹھائیں۔شہبازشریف نے کہا کہ (ن) لیگ نے 97 ارب روپے میں 3 میٹرو بنائیں جبکہ ان کی ایک 100 ارب کی ہوگئی ہے، مالم جبہ اور بلین ٹری سونامی پر نیب کہاں ہے۔نیب پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں، اگر نیب میرے خلاف آمدن سے زائد اثاثے، منی لانڈرنگ یا آدھے دھیلے کی کرپشن بھی ثابت کر دے تو میں قوم سے معافی مانگ کر گھر چلا جائوں گا۔