سکھر (نمائندہ جسارت) دریائے سندھ اور نہروں میں نہانے کی پابندی کے باوجود سکھر میں بجلی اور گرمی کے ستا ئے منچلے نوجوانوں نے گرمی سے بچنے کے لیے نہروں کا رخ کرلیا، نو جوان نہر میں چھلانگیں لگا تے رہے اور مستیاں کرتے رہے، ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں موسم گرما کے شروع ہوتے ہی سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سپیکو) کی جانب سے رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کے اعلان کے باوجود سکھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی نہیں آسکی ہے، بجلی اور گرمی کی وجہ سے لوگوں خصوصی طور پر روزہ داروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بجلی کی لو ڈ شیڈنگ اور گرمی کی وجہ سے منچلے نوجوانوں نے ضلع سکھر کے مختلف نہروں اور کینالوں میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی کے باوجود سکھر شہر کی مختلف نہروں کا رخ کرلیا ہے۔ شہری حلقوں نے سکھر انتظامیہ سمیت متعلقہ محکموں کے بالا افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ نہروں پر عائد پابندی پر عملدرآمد کراتے ہوئے نوجوان نسل کی زندگیاں محفوظ بنائی جائیں۔