وزیراعظم ،ایرانی صدر اور بل گیٹس کا رابطہ،کورونا وبا کی صورتحال پر تبادلہ خیال

488
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے بلز اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس اور ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا رابطہ، کورونا وبا کی صورتحال پر تبادلہ خیال۔ تفصیلات کے مطابق بل گیٹس کے ساتھ بدھ کو ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کے دوران وزیراعظم عمران خان نے اس بحران کے دوران گیٹس فائونڈیشن اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کی طرف سے دی جانے والی امداد کو سراہا اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے کاوشیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کوویڈ 19 کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بھرپور اور مربوط اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کورونا وائرس پر قابو پانے اور بالخصوص آبادی کے غریب ترین طبقات کو لاک ڈائون اور بھوک کی وجہ سے ان کی زندگیاں بچانے کے دوہرے چیلنج کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے متاثرہ افراد اور کاروبار کے لیے 8 ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے، حکومت کے اقدامات کی وجہ سے پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملی ہے۔ بل گیٹس نے کورونا وائرس سے دنیا کو درپیش خطرے کا ذکر کیا اور غریب ترین افراد کی زندگی اور روزگار کے تحفظ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے سے متعلق اپنی مشترکہ ترجیح کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان کو ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو ٹیلی فون کیا اور انہیں رمضان المقدس کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کوویڈ 19 کی حالیہ صورت حال اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں ٹڈی دل کے پھیلاؤ پر تبادلہ خیال کیا۔مزید برآں وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیر برائے سیفران صاحبزادہ محبوب سلطان، ارکان قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، محمد امیر سلطان، غلام محمد لالی اور ریاض فتیانہ اور امجد خان نیازی نے ملاقاتیں کیں ، ارکان قومی اسمبلی نے وزیرِ اعظم کو موجودہ صورتحال میں احساس پروگرام کے تحت اپنے حلقوں میں ضرورت مند اور مستحق افراد میں شفاف طریقے سے مالی امداد کی تقسیم کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے ارکان کو ہدایت کی کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں عوام کو ریلیف کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دی جائے تاکہ اس وبا کا خاتمہ کیا جا سکے۔ وزیراعظم سے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی ملاقات کی اورغریب گھرانوں اور ضرورت مند افراد کے لیے کورونا ریلیف فنڈ کے استعمال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ دریں اثناء بدھ کو وزیراعظم آفس سے جاری مراسلے کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ریٹائرمنٹ کے حوالے سے نئے قواعد پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ مراسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہدایت کی گئی ہے کہ نئے قواعد تمام وزارتوں کو بھیجے جائیں تاکہ ان قواعد کے مطابق کارروائی کا آغاز کیا جائے۔ تمام کیڈر کے انتظامی سربراہان کو نئے قواعد کے رول 6 کے مطابق فہرستیں ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ سرکاری ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔