مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضہ عالمی قانون کے لئے کھلا چیلنج ہے،شہباز شریف

370

لاہور:مسلم لیگ ن کے صدر واپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضہ عالمی قانون کے لئے کھلا چیلنج ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر وقائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کشمیر  سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی جرات اورعظیم قربانیوں کوسلام پیش کرتا ہوں، مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضہ اقوام متحدہ،سلامتی کونسل اور عالمی قانون کے لئے کھلا چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری 7 دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی ظلم واستبداد کا اپنے آہنی عزم کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں، نہتے کشمیری حق استصواب رائے کا وعدہ پورا ہونے کے منتظر جام شہادت نوش کررہے ہیں، کشمیری قیادت نے اپنے بے مثال عزم سے جرات اوروفا کی ناقابل فراموش تاریخ رقم کی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کشمیری عوام کی جائیدادیں ہتھیائی اور ریاستی دہشتگردی سے زندگیاں چھینی جارہی ہیں، نظر بند اور قید تمام رہنماؤں، کارکنان اور کم سن بچوں کو رہا کیاجائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ مسلمانوں اور کشمیریوں سے نفرت کی مودی کی گھناونی سوچ کا مظہر ہے،66 ہزار سے زائد ایسے افراد کی فہرست بنائی گئی ہے جو کورونا کے مشتبہ مریض ہیں، مقبوضہ وادی میں اب تک 500 سے زائد کورونا متاثرین کی تصدیق ہوچکی ہے، بھارتی حکومت کورونا کو کشمیریوں کی نسل کشی کا ہتھیار بناچکی ہے۔