لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں مزید 6 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے، یوسی وائس چیئرمین، سینئر صحافی اور دو خواتین سمیت 6 افراد کو قرنطینہ کیا گیا، کورونا متاثرین کی تعداد 126 تک پہنچ گئی، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ کورونا اعداد و شمار میں تضاد برقرار، شہری پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے مشتبہ 72 افراد کے نمونے لے کر لیبارٹری بھجوادیے گئے تھے جن میں سے 6 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔ متاثرین میں شہر کے غالب نگر یونین کمیٹی 14 کے وائس چیئرمین، 61 سالہ سینئر صحافی، 42 سالہ شخص، سچل کالونی کی رہائشی 48 سالہ ا خاتون، 17سالہ ا لڑکی اور 31 سالہ نوجوان شامل ہیں جنہیں اپنے ہی گھر میں کوآرٹین کیا گیا ہے جس کے بعد لاڑکانہ میں متاثرین کی تعداد 126 تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے اعداد و شمار پر محکمہ صحت اور ضلعی انتطامیہ میں بڑا تضاد برقرار ہے، محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس مریضوں کی تعداد 126 تک پہنچ چکی ہے جبکہ مقامی منتقلی کے کیسز کی تعداد 75 ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر آفس کے کنٹرول روم کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی تعداد 99 اور مقامی منتقلی کے 62 کیسز بتائے گئے ہیں جبکہ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صحتیاب ہونے والے افراد کے اعداد و شمار 10 بتائے گئے ہیں۔ دوسری جانب جامعہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے ماہر ڈاکٹروں اور ڈی ایچ او کی ٹیم نے تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے 36 افراد، اسٹیشن روڈ کے قریب سے 10 افراد، واپڈا جیل کالونی سے 10 افراد اور رتودیرو سے 26 افراد سمیت 72 افراد کے نمومنے لے کر لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں جن کی رپورٹ آج تک آنے کے امکان ہیں۔کورونا وائرس میں مبتلا رتودیرو کے بھٹو وانڈھ محلہ کا رہائشی انجینئر نوجوان فوت ہوگیا، روشن کمبھر لاڑکانہ شہر کی او پی ایف کالونی میں گھر میں قرنطینہ تھا جو گردوں کی بیماری میں مبتلا کئی دنوں سے بیمار اور سیلف آئسولیٹ تھا۔ متوفی روشن کمبھر کی تدفین سرکاری تحویل میں شہر سے باہر دودائی قبرستان میں ہو گی۔ واقعے کی اطلاع پر ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق، ایس ایس پی، ڈی ایچ او او پی ایف کالونی پہنچ گئے۔ اس حوالے سے ڈی ایچ او لاڑکانہ سید اطہر شاہ نے بتایا کہ چند دن قبل روشن کمبھر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جو آج انتقال کرگیا ہے۔ ایس ایس پی مسعود احمد بنگش کے مطابق شہر بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مرکزی باقرانی شاہراہ سمیت گنجان آباد 7 محلے سیل ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق شہر بھر میں کورونا مثبت افراد کی مجموعی تعداد 120 جبکہ لوکل ٹرانسمیشن کیسز کی تعداد 65 سے زائد ہے۔