لاہور : مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے حکومت کی سرپرستی میں بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت انسانی زندگی کی حرمت پامال کرکے ہٹلر کے راستے پر کاربند ہے،ہٹلر کا نشانہ یہودی تھے تو آج مودی کا نشانہ مسلمان ہیں۔
شہباز شریف نے کہاکہ بی جے پی انتہائی متعصبانہ سوچ پر مبنی آر ایس ایس کے زیر اثرتنظیم ہے،بی جے پی ریاستی قوت کا مسلمانوں کے خلاف غیرمنصفانہ استعمال کررہی ہے،بھارت میں برسراقتدار گروہ مسلمان آبادی کی نسل کشی کے مذموم ایجنڈے پر کاربند ہے۔
صدر ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت کورونا عالمی وبا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار مسلمانوں کو قرار دیاجارہا ہے،مسلمانوں کی عبادت گاہوں، مذہبی آزادیوں کے بعد ان کی زندگی کو نشانہ بنایاجانا معمول بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، عالمی برادری، عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلمانوں پر ظلم رکوائیں،او۔آئی۔سی کے پلیٹ فارم کے ذریعے عالمی اداروں میں بھارتی اقدمات کو اٹھایا جائے۔