کراچی :سندھ حکومت نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
چیف سیکرٹری سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ کو سمری بھجوادی ہے، پروفیسر طارق رفیع دوبار وائس چانسلر کی مدت پوری کرچکے ہیں،سندھ حکومت کا انوکھا اقدام دوبار مدت پوری کرنے والے وائس چانسلر کو پھر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرطارق رفیع دو ماہ بعد ریٹائر ہورہے تھے،سندھ حکومت نے نئے وی سی کی تعیناتی کا عمل شروع کرنے کے بجائے ڈاکٹر طارق رفیع کی ملازمت میں توسیع کرنے کے اقدامات مکمل کرلیے ہیں، سیکرٹری برائے بورڈ اینڈ یونیورسٹی نے سفارشات چیف سیکرٹری کو بھیج دیں ہیں۔
تاہم چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ پروفیسر طارق رفیع کی ریٹائرمنٹ سے یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
حکومت فوری اشتہار دیکر نئے وائس چانسلر مقرر کرنے کے بجائے ڈاکٹر طارق رفیع کو توسیع دینے کے لیےسرگرم ہے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹرطارق رفیع جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر اور 8 سال سے تعینات ہیں۔