کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں 18ویں آئینی ترمیم پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہ کرنے پراتفاق کیا گیا ہے۔بلاول کا کہنا تھا کہ جمہوری قوتیں 18ویں آئینی ترمیم پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گی،ہم نے 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے دستور کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا،ہم 18ویں آئینی ترمیم کے خاتمے کے حوالے سے کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ ملک کورونا وائرس کی وجہ سے سنگین حالات سے گزررہا ہے، وفاق آئین سے چھیڑچھاڑ کے بجائے صوبوں کی مدد کرے۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اٹھارویں ترمیم میں ردوبدل کی طاقت رکھتی ہے اور نہ ہی ترمیم کے لیے اس کے پاس مطلوبہ تعداد ہے،بنیادی طور پر وفاق کو چاہیے کہ وہ صوبوں کو مستحکم کرے ،صوبوں کو ان کے حقوق دے کر واپس لینا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، صوبائی خودمختاری ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو نیا بحران پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے چند نکات میں ردوبدل کے لیے مذاکرات کی کوشش کی جائے تو وہ بھی لاحاصل ثابت ہوگی۔