خالد مشعل کا سراج الحق کو فون، عبدالغفار عزیز کی خیریت معلوم کی

527

لاہور ( نمائندہ جسارت) حماس کے سربراہ خالد مشعل نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کو فون کرکے نائب امیر جماعت اسلامی و ڈائریکٹر امور خارجہ عبد الغفار عزیز کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ خالد مشعل سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان سمیت پورا عالم اسلام اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ فلسطین اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنا عالم اسلام کے ہر مسلمان پر فرض ہے۔اسرائیل ناجائز ریاست ہے اور یہودیوں نے فلسطین پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے۔فلسطین کو یہودیوں کے چنگل سے آزاد کرانے کے لیے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ والہانہ محبت کرتے ہیں۔قبلہ اول کی آزادی کی جدوجہد میں فلسطینی تنہا نہیں ہیں۔پاکستان کے عوام ان کے ساتھ ہیں اور فلسطین کی آزادی تک ساتھ رہیں گے۔خالد مشعل نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ محبت کا اظہار کیا ہے ۔جس پر ہمیں فخر ہے اور ہم پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں۔