سکھر، رمضان کا آغاز پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ

168

سکھر (نمائندہ جسارت) رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی منافع خوروں نے اشیا خورونوش سمیت سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، غریبوں سمیت متوسط طبقے کے لوگ شدید پریشان، ڈپٹی کمشنر سکھر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ افطاری کے دستر خوان کی زینت سموسے، پکوڑے اور ان کی تیاری کے لیے ٹماٹر، پیاز، آلو، ہری مرچ، لیموں جیسی بنیادی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے، سرکاری دعوؤں کے مطابق رمضان المبارک سے قبل اشیا کی قیمتوں میں کمی کے اعلانات کیے گئے اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں قائم کی گئیں لیکن منافع خوروں نے سرکاری احکامات ہوا میں اڑا کر اشیا خورونوش پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر کے اس بابرکت مہینے میں متوسط طبقے کے دستر خوان کو مزید تنگ کردیا ہے۔ مہنگائی پر عوام کا کہنا ہے کہ ہر ملک میں مخصوص تہواروں پر حکومت کی جانب سے عوام کو ہر چیز پر ریلیف دیا جاتا ہے لیکن پاکستان جیسے مسلم ملک میں ہر چیز کی قیمتیں دگنی کرکے عوام کے صبر کا مزید امتحان لیا جاتا ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سکھر سمیت دیگر افسران سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔