ہاکی کی ترقی کیلئے تعلیمی اداروں میں مقابلوں کا انعقاد ضروری ہے،رانا شاہد محمود

604

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہاکی کے سابق کھلاڑی رانا شاہد محمود نے کہا ہے کہ ملک میں ہاکی کی ترقی کے لئے اسکول اور کالج کی سطح پر مقابلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ گذشتہ روز پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج سے کئی دہائیوں قبل پاکستان نے پوری دنیا پر کھیلوں کے میدانوں میں حکمرانی کر رکھی تھی جن میں عالمی کپ، اولمپک گیمز، ایشین گیمز اور چیمپیئنز ٹرافی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ یہ اعزاز ات ہمارے ہاتھ سے نکلتے گئے اس کی سب بڑی وجہ کھیلوں میں سیاست تھی اور میرٹ کا کوئی خاص خیال نہیں رکھا جاتا رہا۔ میرٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب نہیں کیا جاتا رہا، سفارش اور پرچی کلچرل کو ختم نہیں کیا گیا کیونکہ عہدیدار ووٹ لے کر آگے آتا رہا اور عہدیدار کو ووٹ لینے کے لئے جائز ناجائز کام کرنے پڑتے رہے اور کھلاڑیوں نے محنت کرنا چھوڑ دی جس کی وجہ سے ہاکی تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے تین چار دہائیاں قبل پاکستان کی پہچان قومی ہاکی تھی لیکن آج ہم کس سطح پر کھڑے ہیں۔ دبئی میں مقیم رانا شاہد محمود نے کہا کہ دنیا میں ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے ہمیں سخت سے سخت محنت کرنے کے ساتھ ٹھوس اقدامات اٹھانے ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے جوکہ آج کل نہ ہونے کے برابر ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ کھلاڑیوں کو وہ مقام نہیں مل رہا جو بیرون ملک کھلاڑی کو مل رہا ہے اور اس کے ساتھ کھلاڑیوں کی بے روزگاری کا مسئلہ بھی ہے۔