پہلی بار پی آئی اے کی پرواز میلبرن کیلیے روانہ

602

ملکی تاریخ میں پہلی بار پی آئی اے کی خصوصی پرواز مسافروں کو لے کر میلبرن روانہ ہوگئی۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلنے کے پیش نظر دنیا بھر میں فلائٹ آپریشنز بند ہونے کے باعث مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کا سلسلہ جاری ہے، پی آئی اے کی جانب سے خصوصی فلائٹ آپریشن کے زریعے متعدد ممالک سے ہزاروں پاکستانیوں کو واپس لایا جاچکا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے خصوصی پرواز 300 سے زائد مسافروں کو لے کر آسٹریلیا روانہ ہوئی ہے جو 26 اپریل کو مسافروں کو لے کر واپس لاہور پہنچے گی۔

ترجمان نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پی ائی اے کی خصوصی پرواز میلبرن کے لیے روانہ ہوئی۔

دوسری جانب مسافروں کا کہنا ہے کہ اس مشکل ترین گھڑی میں بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لیے پی آئی اے بہترین خدمات انجام دے رہی ہے۔