گوادر اراضی اسکینڈل کی تحقیقات مکمل، ملزمان کیخلاف نیب ریفرنس دائر

325

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو بلوچستان نے ضلع گوادر کے شدوبند وارڈ کے ریونیو ریکارڈ میں مبینہ طور پر ٹیمپرنگ کے ذریعے قومی خزانے کو 11 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچانے کے کیس کی تحقیقات مکمل کرکے سابق نائب تحصیلدار گوادر، قانون گو گوادر و دیگر کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں داخل کر دیا ہے۔ گوادر میں اراضی اسکینڈل کے ایک کیس کی تحقیقات کے مطابق گوادر میں تعینات سابق نائب تحصیلدار آغا ظفر حسین، قانون گو نور احمد سیاپاد و دیگر نے ملی بھگت سے ذاتی مفادات کے حصول کیلیے ضلع گوادر کی شدوبند وارڈ کے ریونیو ریکارڈ میں مبینہ طور پر ٹمپرنگ کرکے تقریبا 4 ایکٹر قیمتی اراضی غیر قانونی طور پر فروخت کی جس سے قومی خزانے کو 11 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچا۔ نیب بلوچستان کی تحقیقاتی ٹیم نے ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ خان کی سر براہی میں کرپشن کیس کی تحقیقات مکمل کر کے محکمہ مال بلوچستان کے افسران کے خلا ف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا ہے۔