اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہاہے کہ پاکستان میں صحت کا نظام کورونا وائرس کا سامنا نہیں کرسکتا۔ وائرس سے لڑنے کیلئے اتحاد کی ضرورت ہے۔ غیرملکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکمران ناکام ہوچکے ہیں۔ لوگ لاک ڈائون پر عمل کررہے تھے لیکن سرکاری ٹی وی پر وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ لاک ڈائون نہیں ہونا چاہیے ،یہ قیادت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت اپنی سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ ڈاکٹرز اور صحت کے شعبے میں کام کرنے والوں کے مشوروں پر عمل کرنے کا ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی سے پشاور تک ڈاکٹرز اور عملہ احتجاج کر رہا ہے کہ انہیں کورونا سے بچائو کی کٹس دی جائیں۔ چیئرمین پی پی نے کہاکہ عالمی بینک کے مطابق پاکستانی معیشت بحران کا شکار ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں صحت کا نظام کورونا وائرس کا سامنا نہیں کرسکتا۔ ہمیں کورونا سے لڑنے کے لئے اتحاد کی ضرورت ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ خاندان کے ساتھ گھر پر رہیں گے اور رمضان گھر میں ہی گزاریں گے۔