اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کوو ڈ-19 مشترکہ دشمن ہے، اس سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے دنیا کو مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے‘ نامساعد حالات کے باوجود پاکستان دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح انسانی زندگیوں اور معیشت کو بچانے کے لیے پر عزم ہے۔وہ جمعرات کو وزارت خارجہ میں پاکستان پریپیرڈنس اینڈ رسپانس پلان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ خسرو بختیار، ڈاکٹر ظفر مرزا اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سمیت ڈی جی عالمی ادارہ صحت ٹیڈروس اندھانوم ،ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر ڈاکٹر بمبنگ سوسنتونو، عالمی بینک گروپ کے نائب صدر ہارٹ ونگ شافر نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک سے معاشی بوجھ کو کم کرنے کے لیے پالیسی فریم ورک مرتب کرنے کے حوالے سے عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، اسلامی ترقیاتی بینک، ایشیائی انفراسٹرکچر اینڈ ڈیولپمنٹ بینک کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہرنیَز کی انتھک کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم ایک تاریخ ساز وقت میں اکٹھے ہو رہے ہیں۔کورونا وبا کے باعث پوری دنیا، صحت اور معیشت کے حوالے سے غیر معمولی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔ہمیں لوگوں کی جانیں اور معیشت دونوں کو بچانا ہے جو کہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے، کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔