واشنگٹن ؍ تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران اور امریکا کے مابین جاری کشیدگی میں ایک دوسرے کی جانب سے حملوں کی دھمکیوں کے بعد مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے خلیج فارس میں موجود امریکی بحری جہازوں کو پریشان کرنے والی ایرانی کشتیوں کو نشانہ بناتے ہوئے تباہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، تاہم صدر ٹرمپ کی اس ٹوئٹ کے بعد ایک امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک ’’انتباہ‘‘ ہے۔ نائب سیکرٹری دفاع ڈیوڈ نورکویسٹ نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ایرانیوں کو ایک اہم وارننگ دی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی بحری جہازوں کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ امریکی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق گزشتہ بدھ کے روز پاسداران انقلاب کے نیوی یونٹ کی 11 کشتیوں نے خلیج فارس میں موجود امریکی بحری جہازوں کے انتہائی قریب آنے کی بار بار کوشش کی۔ یہ رویہ خطرناک اور پریشان کن ہے۔ دوسری جانب ایران نے کہا ہے کہ اگر اسے امریکی جہازوں سے کوئی خطرہ محسوس ہوا تو وہ انہیں نشانہ بنانے میں دیر نہیں کرے گا۔ یہ بات ایران کی مسلح افواج پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے سرکاری ٹی وی پر کہی۔ جمعرات کے روز انہوں نے کہا کہ خلیج فارس کی سلامتی ایرانی دفاعی ترجیحات میں شامل ہے اور ہم خطے کی صورت حال سے کسی صورت لاتعلق نہیں رہ سکتے۔ امریکا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم اپنی قومی سلامتی، بحری سرحدوں اور جہازرانی کے تحفظ کے معاملے میں سنجیدہ ہیں اور کسی بھی تخریب کاری کیا پوری شدت سے جواب دیں گے۔