امن و امان کو خطرہ ہوا تو پولیس حرکت میں آئے گی ،کراچی پولیس چیف

1170

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ تاجربرادری امن و امان کا مسئلہ پیدا کرے گی تو ایکشن ہوگا۔

کراچی پولیس چیف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجربرادری حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرے اگر تاجر برادری کی جانب سے امن و امان کا مسئلہ پیدا کیا گیا  تو ایکشن ہوگا۔

ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کا مزید کہنا تھا کہ تاجروں کو حکومتی نمائندوں سے کوآرڈینیشن کرنی چاہیے،تاجر برادری پرامن سوسائٹی ہے امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ کریں ، تاجرمشکل وقت میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، حکومت تاجروں کو سزائیں نہیں دینا چاہتی۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے کہا کہ پولیس ناکوں کا مقصد لاک ڈاون کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرانا ہے، پولیس ناکوں کی وجہ سے اسٹریٹ کرائم میں 75فیصد کمی واقع ہوئی ہے  جبکہ  سنگین جرائم کی وارداتوں میں بھی 75 فیصد کمی آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وسائل بھی زیادہ ملے جس کی وجہ سے کرائم روکنے میں مدد ملی، پولیس ناکوں پر 90 فیصد وارننگ دےکرچھوڑ دیتی ہے جبکہ  10 فیصد کو سزائیں دی جاتی ہیں۔