کورونا کا پھیلائو روکنے کے لیے سول انتظامیہ سے تعاون کرینگے، آرمی چیف

319

راولپنڈی (اے پی پی) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ وسائل کے موثر انتظام کے ذریعے پاک فوج دیگر قومی اداروں کے ساتھ مل کر اس مشکل وقت میں خاص طور پر رمضان المبارک کے دوران عوام کی آسانی وسہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے گی۔ وہ بدھ کو این سی او سی کے دورہ کے موقع پر دی گئی بریفنگ میں گفتگو کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا دورہ کیا جہاں پر کمانڈر آرمی ائر ڈیفنس کمانڈ اینڈ نیشنل کوآرڈینٹر این سی او سی لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان نے ان کا استقبال کیا۔ ڈی جی آپریشنز و پلاننگ میجر جنرل آصف محمود گوریا نے آرمی چیف کو این سی او سی کی منصوبہ بندی سے متعلق بریف کیا، جس میں کوویڈ19سے متعلق صورتحال، این سی او سی کے فیصلوں پر عمل درآمد، پاکستان میں اس بیماری کے پھیلنے کے امکانات اور وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے سول انتظامیہ سے تعاون شامل ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیسٹ، ٹریس اینڈ کورنٹی (ٹی ٹی کیو) کے لیے قومی حکمت عملی کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جس کا مقصد بیماریوں کے پھیلاؤ، فوکسڈ کلسٹرز / ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ اس پر قابو پایا جاسکے اور ہر سطح پر ریسرچ ریسورسز کو بہتر بنایا جاسکے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کم وسائل اور وقت میں کویڈ19 کو روکنے اور عملدرآمد کے لیے این سی او سی کی قابل ذکر کاوشوں کو سراہا اور این سی او سی میں فوجی اور سول قیادت کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی۔