امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز وزارت نہیں بلکہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی کٹس مانگ رہے ہیں۔
سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی سوئی پرانے کنٹینر پر اٹکی ہوئی ہے، حکومت کہتی ہے کہ حالت جنگ میں ہیں مگر مشاورت کسی سے نہیں کر رہے۔
سراج الحق نے کہا ہے کہ علماء کرام حکومت سے ہر سطح پر تعاون کر رہے ہیں مگر وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک پیج پر نہیں ہیں۔
لاک ڈاؤن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں لاک ڈاؤن ہے بھی اور نہیں بھی، وزیراعظم عمران خان نے اپنی تمام تقاریر میں لاک ڈاؤن کی مخالفت کی ہے، تین ماہ ہوگئے لیکن حکومت اب تک کوئی لائحہ عمل نہیں بناسکی۔
ملک میں ڈاکٹروں کے کورونا کی حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی پر احتجاج کے حوالے سے سراج الحق نے کہا ہے کہ ڈاکٹر حکومت سے وزارت نہیں بلکہ حفاظتی کٹس مانگ رہے ہیں، پنجاب میں ڈاکٹروں کی 20 ہزار اسامیاں خالی پڑی ہیں۔