اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان سے چئیرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے پرائم منسٹر ہاوس میں ملاقات کی۔
جاوید آفریدی کی جانب سے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور صنعتی عمل کو رواں رکھنے کے حوالے سے مختلف تجاویز وزیرِ اعظم کو پیش کیں۔
جاوید آفریدی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ہائیر پاکستان اور زلمی فاونڈیشن جلد دوسرے مرحلے میں کورونا وائرس ریلیف فنڈ اور امدادی سرگرمیوں میں تعاون کریں گے، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جن صنعتی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے ان کے حوالے سے جامع ایس او پیز مرتب کیے گئے ہیں۔ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانا حکومت اور صنعت کاروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ جہاں ایک طرف کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں وہاں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ممکنہ حد تک صنعتی عمل و کاروباری سرگرمیوں کی روانی کو یقینی بنانا ہے تاکہ مزدور اور سفید پوش عوام کی معاشی مشکلات میں کمی آئے۔