لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام اور بچاؤ کے سلسلے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر رینج پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دفعہ 188 کے تحت رینج کے پانچوں اضلاع میں ایک ماہ کے اندر 300 کیسز درج کرکے 1306 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ نے میڈیا کو بتایا کہ لاک ڈائون کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر لاڑکانہ ضلع میں 27 مقدمات درج کرکے 156 افراد کو گرفتار، ضلع قنبر شہدادکوٹ میں 153 مقدمات درج کرکے 570 افراد کو گرفتار، ضلع شکارپور میں 28 مقدمات درج کرکے 133 افراد کو گرفتار، جیکب آباد ضلع میں 35 مقدمات درج کرکے 125 افراد کو گرفتار جبکہ ضلع کشمور کندھ کوٹ میں 57 مقدمات درج کرکے 322 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی عرفان علی بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی طرف سے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر جاری احکامات کے روشنی میں لاڑکانہ رینج میں لاک ڈائون کو مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ مقامی سطح پر ظاہر ہونے والے کیسز کی بنا پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں تک محدود رہیں اور اپنی فیملی اور بچوں کو گھروں تک محدود کرکے محفوظ بنائیں، بغیر کسی ایمرجنسی یا معقول وجہ کے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ اس ضمن میں قانون اور پولیس سے تعاون کریں۔ انہوں نے پولیس کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں سے خوش اسلوبی سے پییش آئیں۔ زندگی کے مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لیے آگے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں تاکہ جلد سے جلد کورونا وائرس کا خاتمہ کیا جاسکے۔