وفاق صوبوں کو صحت کیلیے فوری فنڈ فراہم کرے‘بلاول زرداری

350

اسلام آباد (صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال اور صحت کی ذمے داری وفاقی حکومت کی ہے۔ وفاق پر لازم ہے کہ وہ صوبوں کو صحت کے حوالے سے فوری طور پر فنڈز فراہم کرے، اس وقت تک صوبوں کو وفاق کی جانب سے کوئی بھی اضافی رقم نہیں ملی، وفاقی حکومت کی بی آئی ایس پی کی امداد کی تقسیم کی غلط حکمت عملی سے کورونا وائرس کے پھیلائو کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے، سماجی فاصلے کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے ایسے امداد کی جائے کہ مستحقین کی عزت نفس اور زندگیاں دونوں محفوظ رہیں، پیپلز پارٹی کے تمام ذمے داران عوام میں سماجی فاصلے کا شعور پیدا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وڈیو لنک پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لاڑکانہ میں کورونا وائرس سے بچائو کے لیے اگلے ہفتے تک کورونا ٹیسٹ لیبارٹری کام شروع کر دے گی۔ اس وقت تک لاڑکانہ میں ساڑھے13 ہزار مستحقین کو راشن بیگ مہیا کیے گے ہیں، لاڑکانہ کے3 ہزار 313 خاندانوں میں فی خاندان6 ہزار روپے ذکوۃ فنڈ سے تقسیم کیے گے ہیں۔ لاڑکانہ میں شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی آریجہ کیمپس اور کوئیس بوائز ہاسٹل میں قرنطینہ سینٹر قائم کیے گے ہیں۔ لاڑکانہ میں مدنی تبلیغی سینٹر اور بی بی آصفہ ڈینٹل کالج میں بھی قرنطینہ کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ لاڑکانہ میں663 افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں63 افراد کی مثبت رپورٹ آئی۔ انہوں نے کہا کہ آپ سندھ کے تمام اضلاع کا دورہ کریں، معیشت دوبارہ ٹھیک ہو سکتی ہے، زندگیاں دوبارہ نہیں لوٹائی جاسکتیں۔