اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن پر تمام وزرائے اعلیٰ سے مشاورت ہو چکی ہے، آئندہ چند دنوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا، پاکستان کے حالات بیشتر ملکوں سے بہت بہتر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وزیراعظم ہائوس میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ آئندہ کچھ دنوں میں
بندشوں کو مزید کم کرنا چاہتے ہیں، عوام کی صحت کی حفاظت کے لیے نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 5 سے7 دنوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا مضبوط نظام لائیں گے۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ ملک میں 90 فیصد کاروبار چھوٹے اور درمیانی سطح کا ہے، بجلی کے ذریعے 90 فیصد کاروبار سے منسلک لوگوں کو پیکیج دیں گے، ہماری کوشش ہے کہ غریب کا چولہا بند نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایک بہت بڑا پیکیج لائیں گے جس کی ایکنک منظوری دے گی تو آگاہی مہم چلائیں گے۔