سکھر(نمائندہ جسارت) میونسپل کمشنر نے جراثیم کش اسپرے کا جائزہ لینے کیلیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ،جراثیم کش اسپرے اور گلی محلوں کی صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا، سکھر میں کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلیے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی ہدایات پر شہر کی 26 یوسیوں میں جراثیم کش اسپرے کیا جارہا ہے، جبکہ گلی، محلوں اور مین شاہراہوں کو کلورین سے دھونے کا کام بھی جاری ہے۔اس حوالے سے میونسپل کمشنر سکھر محمد علی شیخ و دیگر افسران نے شہر کی مختلف یوسیوں کا دورہ کیا اور اسپرے سمیت صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے شہریوں سے جراثیم کش اسپرے اور شاہراہوں کو دھونے سے متعلق تفصیلات حاصل کیں، جس پر شہریوں نے میونسپل کمشنر کو بتایا کہ جراثیم کش اسپرے تسلسل سے علاقوں میں جاری ہے، جبکہ شاہراہوں کو بھی کلورین سے دھویا جارہا ہے۔جبکہ میونسپل کارپوریشن کا عملہ ہر ممکن شہریوں کی مدد کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہتا ہے۔جبکہ میونسپل کمشنر نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میئر سکھر کی ہدایات پر کورونا وائرس کی وبا کو روکنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے، جس کے بعد ضلع کی تمام 26 یوسیوں میں اسپرے اور شاہراہوں کو دھونے کا کام مزید تیز کیا جارہا ہے، شہر میں میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ کی مؤثر حکمت عملی کو دیکھتے ہوئے خیرپور سمیت دیگر شہروں سے بھی میئر سکھر کو اسپرے کرانے کی درخواستیں کی جارہی ہیں، جس کے بعد میونسپل ٹیمیں مختلف شہروں میں جاکر اسپرے کررہے ہیں، دورے کا مقصد یہ تھا کہ شہریوں کو درپیش مسائل اور خصوصاً کورونا وائرس سے بچائو کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تفصیلات حاصل کی جائیں، تاکہ جن علاقوں میں اسپرے اور صفائی ستھرائی کے معاملات بہتر نہیں ہوسکے ہیں، ان علاقوں میں صفائی ستھرائی کے معاملات کو بہتر کرکے شہریوں کو میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، میونسپل کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈائون کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں اور انتہائی ضروری کام کیلیے ہی اپنے گھروں سے باہر نکلیں، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائو کا سب سے بڑا علاج یہ ہی ہے کہ ہم اپنی مصروفیات کو کم کرتے ہوئے گھروں میں قیام کریں، تاکہ یہ وباء پھیلنے سے رک سکے۔میونسپل کمشنر نے شہریوں سے درپیش شکایات کے ازالے کے لیے بنائی جانے والی میونسپل کارپوریشن کی ایپ کو استعمال کرتے ہوئے اپنی شکایات درج کرانے کی اپیل بھی کی تاکہ شہریوں کی شکایات فوری حل کی جاسکیں اور احتیاطی تدابیر کی بھی خلاف ورزی نہ ہو۔ بعد ازاں میونسپل کمشنر نے جن چند علاقوں میں اسپرے اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے آنے والی شکایات کیلیے اسپرے کرنے والی ٹیم کے انچارج رضوان بہاری کو ہدایات کیں کہ مذکورہ علاقوں میں اسپرے اور شاہراہوں کو کلورین سے دھونے سمیت صفائی ستھرائی کے انتظامات کو جلد بہتر بناکر ان علاقوں میں شکایات کو دور کیا جائے۔