کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں مقیم گلگت بلتستان کے طلبہ کی فریاد سن لی گئی، سندھ حکومت نے واپس جانے کے خواہشمند گلگت بلتستان کے طلبہ کو این او سی دینے کا فیصلہ کرلیا، سندھ کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم گلگت کے ڈھائی ہزار سے زائد طلبہ کے واپس جانے سے قبل مفت کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں ترجمان و مشیر قانون سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ جو طلبہ واپس جاناچاہتے ہیں انہیں این او سی دیا جائے گا۔ طلبہ جن اداروں میں زیر تعلیم ہیں ان کے کورونا ٹیسٹ بھی وہیں ہوں گے، ٹیسٹ کیلیے محکمہ صحت کی ٹیم خود ان کے پاس جائے گی، رپورٹ منفی آنے پر گلگت بلتستان واپس جانے کی اجازت ہوگی۔مرتضی وہاب نے کہا کہ وزیراعلی مراد علی شاہ نے گلگت بلتستان حکومت کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔