فرانزک رپورٹ آنے پر ذمے دار انجام کو پہنچیں گے،شیخ رشید

347

لاہور (آن لائن) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری سمیت بڑے ملزمان ضمانت پر اور غریب آدمی جیل میں ہے‘ وزیراعلیٰ سندھ ڈبل سواری اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کی رہائی کا حکم دیں‘ فرانزک رپورٹ25اپریل سے 5، 10 روز لیٹ ہو سکتی ہے مگر سامنے ضرور آئے گی‘ آئی پی پیز، آٹا چینی بحران کے ذمے داران اور قرض معاف کرانے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ اتوار کو لاہور ریلوے اسٹیشن پر راشن کی تقسیم کی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن ایسا ہو جس میں لوگ بھوک سے نہ مریں‘ غریب آدمی کو راشن مل رہا ہے‘ اصل مسئلہ سفید پوش کا ہے جس کے پاس روزگار نہیں ہے اور جو ہاتھ پھیلانا توہین سمجھتا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت نے نماز کی اجازت دے دی ہے‘ اللہ بڑا ہے اور اس نے کرم کرنا ہے‘ اسی نے یہ وبا ختم کرنی ہے۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کرپشن کیسز کے بڑے ملزمان میں سے ایک بھی جیل میں نہیں‘ صرف غریب آدمی جیل میں ہے‘ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے دفعہ144 کی خلاف ورزی پر 4200 افراد گرفتار کیے ہیں‘ ماں، بہن، بیٹی کے بیمار ہونے پر کیا کوئی باہر نہ نکلے ان افراد کو رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بین الاقوامی اداروں سے قرض معاف کرنے کی بات کی اور قرض ایک سال کے لیے ملتوی کرائے‘ شہباز شریف میرا دوست ہے، ابھی پیشی سے بچ گیا ہے، روزے گھر میں رکھے اور سکون سے رہے۔