آصف زرداری نے 18ویں ترمیم پر دستخط سے آئین بحال کیا، نفیسہ شاہ

212

کراچی (نمائندہ جسارت)پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زردری اور 18 ویں ترمیم کے بانیاں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج کا دن تاریخ کے اعتبار سے ایک یادگار دن ہے، سابق صدر آصف علی زرداری صاحب نے شہید بینظیر کے مشن کی تکمیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری صاحب نے 18ویں ترمیم پر دستخط کرکے نہ صرف 1973ء کے آئین کو اصل شکل میں بحال کر کے جمہوریت کو مستحکم کیا، 18ویں ترمیم اور صوبائی خودمختاری آصف علی زرداری کی وجہ سے ملی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اپنے نظریے پر ثابت قدم ہے۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل پاکستان پیپلزپارٹی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو مضبوط کیا گیا ہے، 18 ویں ترمیم کے خلاف جو سازشیں کریگا وہ اس ملک کی بنیاد ہلانے کے ساتھ مذاق کر رہا ہوگا، مخالفین کو یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ صوبوں کے عوام کے فیصلوں سے وفاق مضبوط ہوتا ہے۔