اوورسیزپاکستانیوں سے قرنطینہ چارجز لینا ظلم ہے‘ مولانا فضل الرحمن

280

اسلام آباد (این این آئی) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے وڈیو پیغام میں کہاہے کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں جس طرح ریاست، حکومت، مذہبی و سیاسی جماعتیں اور فلاحی ادارے غربا کی مدد کررہے ہیں ایسی ہمدردی کے مستحق اوورسیز بھی ہیں ۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آج اوورسیز پاکستانی مشکل کا شکار ہیں مگر افسوس پاکستان پہنچے والے ان ہم وطنوں سے قرنطینہ اور علاج کی مدد میں چارجز وصول کیے جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں سے کسی قسم کے چارجز نہ لیے جائیں، انہیں مفت علاج کی سہولت کے ساتھ مکمل سہولیات فراہم کی جائیں ،بیرون ملک خصوصاً یورپ اور مڈل ایسٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے اقدامات کیے جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔ مولانا فضل الرحمن نے دعاکی کہ اللہ عالم انسانیت، امت مسلمہ اور پاکستان کو اس مشکل گھڑی سے نکالے۔