حکومت نے گوادر بندر گا ہ سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی اجازت دے دی

120

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وفاقی حکومت نے گوادر بندرگاہ سے افغان ٹرانزٹ تجارت کی اجازت دے دی۔ گوادر آنے والا بلک کارگوعالمی معیارکو مدنظر رکھ کر افغانستان روانہ کیا جائے گا۔ اتوار کو سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کے ذریعے جانے والے افغان ٹرانزٹ کے ٹرک مکمل طور پر سیل ہوں گے‘ وزارت تجارت کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق افغان کارگو کے ٹرکوں پر ٹریکنگ سسٹم نصب کیا جائے گا‘ افغانستان کے لیے گندم، چینی اور کھاد کی بلک کارگو بائونڈڈ کیریئر میں لے جانے کی اجازت ہو گی‘ بلک کارگو کی اجازت (فیڈرل آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری) ایف پی سی سی آئی، پاک افغان مشترکہ تجارتی چیمبر اور دیگر اشتراک داروں کی درخواست پر دی گئی ہے‘ گوادر پورٹ پر آئندہ 2 ماہ تک تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافے کا امکان ہے‘ 10 مئی کو 16 ہزار میٹرک ٹن ڈی اے پی، وسط مئی تک25 ہزار میٹرک ٹن دیگر سامان اور5 لاکھ میٹرک ٹن گندم بحری جہازوں سے افغانستان کے لیے اتاری جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ گوادر پورٹ پر بحری جہازوں کی آمد بڑھنے سے کاروبار کے بہت سارے مواقع پیدا ہوں گے۔