نیب لاہور کا شہباز شریف کو 22اپریل کو پیش ہونے کا نوٹس

182

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آمدن سے زاید اثاثہ جات کی تحقیقات کے لیے ایک بار پھر طلب کر لیا۔نیب لاہور نے شہباز شریف کو 22 اپریل دن 12 بجے نیب ٹیم کے روبرو پیش ہونے کا نوٹس ارسال کیا ہے۔ نوٹس میں نیب نے شہباز شریف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر مکمل حفاظتی اقدامات اختیار کیے جائیں گے۔نیب ذرائع کے مطابق آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس کی انکوائری آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے اور شہباز شریف سے سوالات کے جواب انتہائی ضروری ہیں۔ نیب نے شہباز شریف کو 17 اپریل کو طلب کیا تھا تاہم انہوں نے پیشی والے دن نیب کے سامنے پیش ہونے کے لیے مہلت مانگ لی تھی۔ شہباز شریف کی جانب سے نیب کو دیے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ طبی ماہرین نے انہیں مشورہ دیا کہ کورونا وائرس سے جڑے جان لیوا خطرات کے پیش نظر وہ اپنی نقل وحرکت محدود رکھیں کیونکہ وہ کینسر جیسے مرض سے لڑچکے ہیں۔