چینی پر سبسڈی کا فیصلہ پنجاب میں ہوا، نزلہ کس پر گرے گا معلوم نہیں، شیخ رشید

324

لاہور (نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہچینی پر سبسڈی کا فیصلہ پنجاب میں ہوا، نزلہ کس پر گرے گا معلوم نہیں،ان کا کہنا تھا کہ اسد عمر نے چینی پر سبسڈی نہیں دی بلکہ اس کا فیصلہ پنجاب میں ہوا،پہلے سیاسی گولہ باری سندھ کی جانب سے ہوئی لیکن اسے بندہونا چاہیے،یہ وقت سیاست کا نہیں سب کے متحد ہونے کا ہے، میںسمجھتا ہوں کہ لڑائی کو آگے نہیں بڑھانا چاہیے۔شوگر دنیا میں سستی ملک میں مہنگی ، آٹا دنیا میں مہنگا پاکستان میں سستا ہے ،سب کو فرانزک رپورٹ کاانتظارکرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان آٹا اور چینی بحران میں ملوث کسی کو نہیں چھوڑیں گے، اگر یہ لوگ اب چھوٹ گئے تو پھر کبھی قابو نہیں آئیں گے،عمران خان جہانگیر ترین سے فاصلہ رکھ سکتاہے تو باقی تو ہلکی پھلکی موسیقی ہیں،مجھ سمیت جوبھی ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔پھکی سب ملوث وزیروں کو ملے گی اگر اب نہیں ملے گی تو کب ملے گی، جہانگیر ترین عمران خان کا اہم ترین آدمی تھا اب نہیں پتا کہاں ہیں۔ شہباز شریف کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دم کیا تو شہباز شریف گرفتاری سے بچ گئے۔ ان کا خیال تھا معیشت یا کورونا سے حکومت ختم ہو جائے گی اور شہبازشریف یہ سوچ کر واپس آئے تھے۔ چور اس دور میں چھوٹ گئے تو پھر کوئی نہیں پکڑاجائے گا، شہبازشریف کا پاکستان میں کوئی مستقبل نہیں،لندن جائے گا یا اندر جائے گایہ فیصلہ وقت کرے گا ، شہبازشریف اورحمزہ شہبازکے خلاف انتہائی اہم کیسز ہیں ،کورونا کی وجہ سے بچا پھر رہاہے۔ کورونا نے غریب کو دھچکا دیاہے ،قوم کو کورونا وائرس کے خلاف متحد ہوناہے۔ ا اللہ نے پاکستان کو اس سے بچالیا، مساجد میں 200 یا 500 نمازی فاصلے سے نماز تراویح ادا کرسکتے ہیں۔وزیر اعظم کو تجویز دی ہے پانچوں مکاتب فکر کی عبادت گاہوں کو خصوصی فنڈز دیے جائیں۔ سوموار کو دوبارہ وزیر اعظم سے ملاقات ہے اوربات کروں گا۔ علاوہ ازیںشیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ریلویز کے اسٹاف نے کرونا وائرس سے نمٹنے اور متاثرین کی امداد کے لیے مزدور کی ایک دن کی تنخواہ اورافسران کیا 3 دن کی تنخواہ وزیر اعظم عمران خان کے کرونا فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیاہے۔ پاکستان ریلوے اس مد میں 5 کروڑ ایک لاکھ85 ہزار روپے ادا کرے گا۔انہوں نے ریلوے ہیڈکوارٹرزآفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آرمی چیف نے ریلوے اسٹیشنز کے قلیوں کے لیے3 ہزار راشن بیگ دیے ہیںاور قلیوں کو 12ہزار روپے دلانے کے لیے ان کی لسٹیں احساس پروگرام کوبھجوا دی ہیں۔ این ایم ڈی اے نے 10 ہزار ماسک دیے ہیںجو ورکشاپوںمیں تقسیم کیے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ 30 کوچز پر مشتمل ایک ٹرین لاہور اسٹیشن سے چمن کے لیے روانہ کریں گے یہ موبائل قرنطینہ کوچز ہیں اس میں 2 میڈیکل کوچز بھی لگارہے ہیںجو زائرین چمن یا تفتان سے آئیں گے اُن کو آئسولیشن میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ کو مراسلہ جاری کردیاہے کہ 25اپریل یا یکم مئی سے 28 ٹرینیں چلائیں گے باقی 15ویں روزے کے بعد چلائیں گے ۔ ریلوے آپریشن بند ہونے سے ہمیں ہفتے کا ایک ارب کا نقصان ہورہاہے اور مہینے میں 5 ارب کا نقصان ہے۔